پاکستان اسٹرٹیجک پارٹنر، اس سے تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں: امریکا
واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کو اپنا اسٹرٹیجک پارٹنر قرار دیا ہے، امریکا کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمارا اسٹریٹجک پارٹنرہے اور اس سے تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان ہمارا اسٹرٹیجک پارٹنر ہے۔ پاکستان سے اہم تعلقات ہیں۔پاکستان اورامریکا کے تعلقات کئی شعبوں پرمحیط ہیں جن کواہمیت دیتے ہیں۔
پاکستان اورچین کے حوالے سے سوال کے جواب میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی ملک کے لیے ضروری نہیں کہ وہ تعلقات رکھنے کے لیے امریکا یا چین میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے۔ چین کے قریبی تعلقات کے بارے میں ان دونوں ممالک کوہی بات کرنا چاہیے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا سے تعلقات رکھنا کسی بھی ملک کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوتے ہیں۔ دنیا کے ہرملک کے آپس میں تعلقات کے کچھ فائدے اورکچھ نقصانات ہوتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات کا دفاع مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں ممالک کے ساتھ سیکیورٹی تعاون ہے اور مل کر کام کررہے ہیں۔