امریکی کانگریس میں ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کی قرارداد منظور
واشنگٹن ڈی سی: امریکی کانگریس نے صدر ٹرمپ کو ملک کے آئین کی 25 ویں ترمیم کے تحت ہٹانے کے لیے قرارداد منظور کرلی ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان (کانگریس) میں منظور کی گئی قرارداد میں نائب صدر کو کہا گیا ہے کہ وہ آئین کی 25 ویں ترمیم کے تحت ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے عہدے سے برطرف کردیں۔
دوسری جانب نائب صدر مائیک پینس نے ٹرمپ کو ہٹانے کی حمایت سے انکار کردیا ہے۔ کانگریس میں اس حوالے سے پیش کی گئی قرارداد کی منظوری سے چند گھنٹوں قبل اسپیکر نینسی پلوسی کو لکھے گئے خط میں مائیک پینس نے کہا کہ ٹرمپ کی صدارتی مدت کے اختتام میں صرف 8 دن باقی ہیں، ایسے وقت میں اس طرح کی کارروائی کسی طرح ہمارے قومی مفاد اور آئین سے ہم آہنگ نہیں کیونکہ جس آئینی ترمیم کے تحت کارروائی کی بات کی جارہی ہے وہ ’سزا دینے‘ کے لیے استعمال نہیں کی جاسکتی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے اس وقت امریکی پارلیمنٹ کیپٹل ہل پر دھاوا بولا تھا جب جوبائیڈن کو ملنے والے الیکٹورل ووٹس کی توثیق کی جارہی تھی۔ واقعے کے بعد ٹرمپ مخالفین نے انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے مواخذے کی کارروائی شروع کرنے سے پہلے کابینہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
امریکی آئین کی 25 ویں ترمیم کے تحت اگر صدر مملکت کسی وجہ سے اپنی ذمے داریاں ادا کرنے کے قابل نہ ہو تو نائب صدر سمیت کابینہ اکثریت کے تحت صدر کو ہٹانے کا اختیار رکھتی ہے اور اس کے بعد نائب صدر ملک کے صدر کی حیثیت سے آئینی مدت پوری کرتے ہیں۔