امریکا، پُراسرار شخص کی 6 ہزار فٹ بلندی پر اُڑان
کیلی فورنیا: امریکا کی ریاست کیلی فورنیا میں ایک چینی مسافر طیارے کے عملے نے 6 ہزار فٹ کی بلندی پر ایک نامعلوم شخص کو جیٹ پیک فلائر کی مدد سے اُڑتے دیکھا، جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
جیٹ پیک فلائر ایک ایسی مشین کو کہا جاتا ہے، جس کی مدد سے کوئی بھی شخص ہوا میں اُڑان بھر سکتا ہے۔
6 ہفتوں کے دوران لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جیٹ پیک فلائر کی مدد سے اُڑنے والا یہ دوسرا ممکنہ ہوا باز ہے، جسے ایل اے ایکس سے منسلک چائنہ ایئرلائن 006 کے فلائٹ عملے نے شمال مغرب سے چند میل کی دُوری پر ہوا میں اُڑان بھرتے دیکھا۔
فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کی جانب سے بھی دونوں معاملات کی تحقیقات جاری ہے، ساتھ ہی مقامی طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی خبردار کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 29 اگست کو امریکن ایئرلائنز فلائٹ 1997 کے پائلٹ نے اپنے طیارے کے بائیں جانب 300 گز کی بلندی پر پرواز کرتے دیکھا جو 3 ہزار فٹ کی بلندی پر اُڑان بھررہا تھا۔