عالمی امن کے سفیر امام علامہ احسان صدیقی کی صحافی امتیاز میر کے قتل کی مذمت

کراچی: ایمبیسیڈر امام علامہ احسان صدیقی نے آئی آر ایف کے رکن، صحافی امتیاز میر کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بین المذاہب کمیشن برائے امن و ہم آہنگی (Interfaith Commission for Peace & Harmony – ICPH) اور انٹرنیشنل ریلیجس فریڈم راؤنڈ ٹیبل فار پاکستان (IRF Pakistan) نے ممتاز صحافی اور اینکر پرسن امتیاز میر کے الم ناک قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
امتیاز میر مذہبی آزادی، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے سرگرم حامی تھے۔ تعزیتی بیان میں، پاکستان کے شریک چیئرمین انٹرنیشنل ریلیجس فریڈم راؤنڈ ٹیبل فار پاکستان (IRF Pakistan) اور چیئرمین بین المذاہب کمیشن برائے امن و ہم آہنگی (ICPH)، عالمی امن و انسانی حقوق کے لیے سفیرِ کبیر امام علامہ محمد احسان صدیقی نے کہا کہ صحافت معاشرے کی آنکھ اور آواز ہے اور ایک سچے اور باہمت صحافی کا قتل کھلا دہشت گردی کا عمل ہے، جس کی سخت ترین مذمت کی جانی چاہیے۔
امتیاز میر ایک محنتی اور نڈر صحافی تھے جو ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کرتے رہے۔ علامہ احسان صدیقی نے کہا کہ 2023 میں وہ آئی آر ایف پاکستان کے وفد کے ہمراہ امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی گئے، جہاں انہوں نے انٹرنیشنل ریلیجس فریڈم سمٹ 2023 میں شرکت کی۔ اسی دورے کے بعد، امتیاز میر کو دنیا کی سب سے بڑی امن تنظیم یونیورسل پیس فیڈریشن (Universal Peace Federation) کی جانب سے واشنگٹن ٹائمز کے دفتر میں سفیرِ امن (Ambassador of Peace) نامزد کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور چیئرمین ICPH اور شریک چیئرمین IRF Pakistan، ہم امتیاز میر کے قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ وہ میرے لیے بھائی کی مانند تھے۔ ان کی آواز خاموش ہوگئی، لیکن ان کی میراث ہمیں آزادیٔ صحافت، امن اور سماجی ہم آہنگی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔
امام علامہ محمد احسان صدیقی نے مزید کہا کہ بین المذاہب کمیشن برائے امن و ہم آہنگی (ICPH) اور انٹرنیشنل ریلیجس فریڈم راؤنڈ ٹیبل فار پاکستان (IRF Pakistan) مطالبہ کرتے ہیں کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور مقتول صحافی کے لواحقین کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔ ہم صحافی برادری، مذہبی قیادت اور امتیاز میر کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ امتیاز میر کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا ہم، آئی سی پی ایچ اور آئی آر ایف پاکستان کے تمام امن سفیروں، بورڈ آف ڈائریکٹرز، ٹیم ممبرز، مینجمنٹ اور عملے کی جانب سے مرحوم کے لواحقین اور تمام متاثرہ افراد سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔