کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کرنے والے تمام خوارج جہنم واصل
وانا: کیڈٹ کالج وانا سے تمام اساتذہ اور اسٹوڈنٹس کو بحفاظت بازیاب کرانے کے بعد حملہ کرنے والے تمام خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کیڈٹ کالج پر حملہ آور ایک خودکُش کے علاوہ چار خوارج کامیاب آپریشن کرکے جہنم واصل کیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس وقت کالج کی بلڈنگ کو بارودی سرنگوں کے خطرے کی وجہ سے کلیئر کیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کامیاب آپریشن کے دوران کیڈٹ کالج کے کسی بھی طالب علم یا استاد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
سیکیورٹی فورسز نے کالج میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کیڈٹ کالج پر حملے کے وقت 525 کیڈٹس سمیت قریباً 650 افراد موجود تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان خوارج کی کالج میں موجودگی اورکیڈٹس کی جانوں کی حفاظت کے پیش نظر آپریشن نہایت احتیاط اور حکمت عملی سے کیا گیا۔
دھیان رہے کہ گزشتہ روز افغان خوارج نے کالج کے مرکزی گیٹ سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی، دھماکے سے کالج کا مرکزی گیٹ گرگیا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے خوارجیوں کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے اور حملہ آور ٹیلیفون پر وہیں سے ہدایات لے رہے تھے، خوارج ایک عمارت میں چھپے تھے جو کیڈٹس کی رہائش سے بہت دور تھی۔