تمام فریقوں پر مشتمل افغان حکومت کی حمایت کرتے ہیں، آرمی چیف
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر سمیت افغانستان میں انسانی بنیادوں پر اقدامات اور امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہے، افغانستان میں پائیدار امن کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آرمی چیف کی فوج کو بلوچستان میں زلزلہ متاثرین کی مدد کی ہدایت
آرمی چیف نے زور دیا کہ تمام فریقوں پر مشتمل افغان حکومت کی حمایت کرتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات کے لیے بامقصد رابطوں کی ضرورت ہے۔
نائب امریکی وزیر خارجہ نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور غیر ملکیوں کے انخلا میں پاکستان کے تعاون کی خصوصی تعریف کی۔ نائب امریکی وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر چلنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا