کراچی سمیت سندھ بھرمیں آج سے تمام تعلیمی ادارے کھل گئے
کراچی: کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے تمام تعلیمی ادارے کھل گئے جبکہ تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو کورونا ویکسین لازمی کرانا ہو گی۔
کراچی، لاڑکانہ، سکھر سمیت سندھ بھر میں آج سے پرائمری اسکول بھی کھل گئے۔ تمام نجی و سرکاری اسکولوں میں پہلی سے پانچویں جماعت کی کلاسز کا آغاز ہو گیا۔
تمام اسکولوں میں طلبا کی 50 فیصد حاضری اور کورونا ایس او پیز کے ساتھ کلاسز لی جا سکیں گی جبکہ تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو کورونا ویکسین لازمی کرانا ہو گی۔
دو روز قبل سندھ میں تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں سے متعلق اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں موسم گرما کی تعطیلات نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تاہم گرمی بڑھنے کی صورت میں موسم گرما کی چھٹیاں دی جا سکتی ہیں۔
سندھ میں دسویں جماعت کے امتحانات 5 جولائی اور بارہویں جماعت کے امتحانات 26 جولائی سے شروع ہوں گے جس کا سندھ حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق نویں جماعت کے امتحانات دسویں کے اور گیارہویں جماعت کے امتحانات بارہویں کے بعد ہوں گے