علینہ عامر کا جعلی ویڈیو بنانے والے کی معلومات دینے پر نقد انعام کا اعلان

لاہور: مشہور ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر علینہ عامر نے حالیہ دنوں میں گردش کرنے والی ایک نازیبا ویڈیو پر خاموشی توڑتے ہوئے اسے مکمل طور پر جعلی اور ڈیپ فیک قرار دیا ہے۔
علینہ نے کہا کہ یہ ویڈیو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کی گئی ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
انسٹاگرام پر جاری وضاحتی پیغام میں علینہ عامر نے بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے اس معاملے کو نظرانداز کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ وہ خود ذہنی طور پر اس سے زیادہ متاثر نہیں تھیں، تاہم جب انہوں نے دیکھا کہ مبینہ ویڈیو سیکڑوں پوسٹس میں بار بار شیئر کی جارہی ہے تو انہیں لگا کہ اب بات کرنا ضروری ہو گیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا صارفین پر زور دیا کہ کسی بھی مواد کو پھیلانے سے پہلے اس کی تصدیق کرنا انتہائی اہم ہے۔ علینہ عامر کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ دوسروں کو بدنام کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، اس لیے کم از کم اتنی احتیاط تو کی جائے کہ جو ویڈیو یا خبر آگے بڑھائی جارہی ہے وہ اصل ہے یا نہیں۔
اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بھی اپیل کی کہ ڈیپ فیک یا مصنوعی ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ خصوصاً لڑکیوں کو اس طرح کی مہمات سے تحفظ مل سکے۔
آخر میں علینہ عامر نے اعلان کیا کہ اگر کوئی شخص اس جعلی ویڈیو کے بنانے والے یا پھیلانے والے سے متعلق قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرتا ہے تو اسے نقد انعام دیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد نہ صرف مجرموں تک پہنچنا ہے بلکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی بھی کرنا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔