ہم جنس پرستوں کے دن پر علی سیٹھی کی پوسٹ نے ہنگامہ کھڑا کردیا

لاہور: پاکستان سے تعلق رکھنے والے گلوکار علی سیٹھی نے ہم جنس پرستوں کے دن پر اپنے بچپن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کو غصہ دلادیا۔
علی سیٹھی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے بچپن کی تصویر شیئر کی، جس میں اُنہیں اپنی سالگرہ مناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، لیکن گلوکار کی پوسٹ کے کیپشن نے ہر ایک کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
گلوکار نے کیپشن میں چھوٹے علی (اپنے بچپن) سے مخاطب ہوتے کہا کہ ہیلو چھوٹے! مجھے معلوم ہے کہ کبھی کبھی یہ بہت مشکل ہوتا ہے، جب لوگ آپ کو یہ کہتے ہیں کہ آپ جو ہو، وہ آپ نہ بنو۔
اُنہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ لیکن وہی چیز جو آپ کو سب سے مختلف بناتی ہے، وہ زبردست خوبصورتی اور طاقت کا ذریعہ بن جاتی ہے، محبت آپ کی منتظر ہے۔
علی سیٹھی نے اس کیپشن کے ساتھ ہیش ٹیگ میں ہیپی پرائیڈ (Happy Pride) بھی لکھا۔
دراصل! ماہِ جون کے اختتام پر دنیا بھر میں ہم جنس پرستوں کا دن منایا جاتا ہے اور علی سیٹھی نے بھی یہ پوسٹ ماہِ جون کے اختتام پر شیئر کی، گلوکار نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اسی دن کی مناسبت سے ہیش ٹیگ ہیپی پرائیڈ کا بھی استعمال کیا۔
علی سیٹھی کی پوسٹ کے کیپشن نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا، گلوکار کے مداح اور سوشل میڈیا صارفین نے پوسٹ پر تبصرے کرتے ہوئے شدید غصے کا اظہار کیا۔
صارفین نے کہا کہ علی سیٹھی اپنے مذہب کے خلاف جاتے ہوئے ہم جنس پرستی کو فروغ دے رہے ہیں، صارفین نے گلوکار کی شناخت کو لے کر بھی شُبہ ظاہر کیا۔
پوسٹ پر تبصرے کرتے ہوئے صارفین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ! علی سیٹھی کو ہدایت دے اور اُنہیں سیدھے راستے پر چلنے والا مسلمان بنائے۔
صرف یہی نہیں کچھ صارفین نے تو یہ بھی کہا کہ اس پوسٹ کے بعد ایسا لگ رہا ہے کہ علی سیٹھی کی اپنے دوست سلمان طور کے ساتھ شادی کی خبریں سچی تھیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال یہ خبر سامنے آئی تھی کہ علی سیٹھی نے امریکا میں اپنے دوست سلمان طور کے ساتھ شادی کرلی ہے لیکن بعدازاں، گلوکار نے شادی کی خبروں کی تردید کردی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔