علیمہ خان کے بیٹے کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، دوسرا بیٹا بھی پکڑا گیا

لاہور: سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق پولیس کی گاڑیاں ساتھ تھیں لیکن سادہ کپڑوں میں اہلکاروں نے علیمہ خان کے بیٹے کی گاڑی روکی اور زبردستی اُٹھا کر لے گئے۔
بیٹے کی گرفتاری کے وقت گاڑی علیمہ خان کے شوہر چلا رہے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز عظیم کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کی جانب سے شاہ ریز عظیم کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ملزم کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی تاہم عدالت نے عمران خان کے بھانجے کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
دوران سماعت، وکیل نے کہا کہ ملزم شاہ ریز کو ایک گھنٹہ پہلے عدالت کے احاطہ میں لایا گیا اور اب تک قیدیوں والی وین میں بٹھایا ہوا ہے، گزارش ہے کہ ملزم شاہ ریز کو وین سے نکال کر بخشی خانے میں لایا جائے۔
عدالت نے ڈی ایس پی سیکیورٹی کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے ملزم کو کون لایا ہے۔ عدالتی حکم پر ڈی ایس پی سیکیورٹی پیش ہوئے اور بتایا کہ ملزم کو بخشی خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزم 9 مئی کے کیس میں ملوث ہے، ملزم کو گزشتہ رات اسکے گھر سے گرفتار کیا گیا۔
ملزم شاہ ریز کی فیملی نے ملنے کے لیے شور شرابہ کیا، جس پر ڈی ایس پی نے کہا کہ ملزم کو فیملی سے ملوا دیا جائے۔
وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آج تک ہمیں معلوم نہیں تھا کہ شاہ ریز بھی ملزم ہے، 27 ماہ بعد ملوث کیا گیا جبکہ وہ کسی طرح بھی ملوث نہیں تھا۔
پراسیکیوٹر نے بتایا کہ باقی کیسز میں ملزم کا نام شامل ہے۔
وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ کل بانی پی ٹی آئی کی ضمانت ہوئی اور شام کو بہن کے گھر ریڈ کر دیا، کچن سے داخل ہو کر بیڈ میں پہنچے اور اغوا کیا۔ ملزم 6 مئی سے 13 مئی تک چترال میں تھا لہٰذا ملزم کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے۔
وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ سر میری گزارش ہے کہ شاہ ریز عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں، یہ ایتھلیٹ ہیں اور پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہو رہی ہے۔
شاہ ریز عظیم کے ریمانڈ کے لیے پولیس کی درخواست پر عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔