پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد لیوی بھی بڑھادی گئی
اسلام آباد: حکومت کی جانب سے عوام پر دہرا بوجھ ڈال دیا گیا، جہاں گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ہوا، وہیں پٹرولیم لیوی کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ کردیا گیا۔
حکومت نے پٹرول پر لیوی میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا، جس کے بعد پٹرول پر لیوی بڑھ کر 160.61 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، اس سے پہلے پٹرولیم لیوی 106 روپے فی لیٹر تھی۔
ہائی اوکٹین پر لیوی 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر کردی گئی، لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے اور فرنس آئل پر لیوی 77 روپے فی میٹرک ٹن کردی گئی۔
رواں مالی سال پٹرولیم لیوی کا ہدف ایک ہزار 468 ارب روپے مقرر ہے، لیوی کی شرح بلند ہونے سے نان ٹیکس ریونیو میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
خیال رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پٹرول 137 روپے 23 پیسے اور ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت اضافے کے بعد 520 روپے 35 پیسے ہوگئی۔
مٹی کے تیل اور جیٹ فیول کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، اوگرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق مٹی کا تیل بھی 34 روپے 8 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 467روپے 48 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
جیٹ فیول کی قیمت میں مزید 40 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 517 روپے 17 پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔