ریمپ واک پر تنقید کے بعد متھیرا ناقدین پر بھڑک اُٹھیں
کراچی: ماڈل اور ٹی وی میزبان متھیرا نے ریمپ پر واک کے بعد اپنے اوپر تنقید کرنے والوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
بولڈ انداز اور بے دھڑک گفتگو کے باعث پہچانی جانے والی ماڈل و ٹی وی میزبان متھیرا ایک بار پھر سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، جہاں حالیہ فیشن شو میں ان کی ریمپ واک کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
وائرل ویڈیو پر متعدد صارفین نے ان کی واک اور جسمانی ساخت پر اعتراضات کیے۔ کچھ کا کہنا تھا کہ متھیرا پہلے زیادہ دلکش دکھتی تھیں اور اب ان کا وزن بڑھ گیا ہے۔
ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ اس سے بہتر واک تو میں کرلوں جب کہ بعض نے توہین آمیز تبصرے کرتے ہوئے انہیں ملازمہ جیسی قرار دیا۔
مسلسل منفی تبصروں کے جواب میں متھیرا نے سوشل میڈیا پر اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ لوگ ان کے بارے میں بلاوجہ غلط باتیں کررہے ہیں جب کہ وہ صرف اپنی صحت پر توجہ دیتے ہوئے خوش رہنے کی کوشش کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں شو میں بطور ماڈل بلایا گیا تھا، انہوں نے کوئی نامناسب کام نہیں کیا مگر چند بیمار ذہنیت کے حامل سوشل میڈیا پیجز ان کے خلاف منفی تبصرے کررہے ہیں۔
متھیرا کا کہنا تھا کہ میری گھٹنے کی سرجری ہوچکی ہے اور تھائیرائیڈ کی حالت بھی کافی خراب رہی، لیکن اس کے باوجود لوگ ایسے رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں جس پر افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی زندگی اپنے لیے جی رہی ہوں۔ میں فخر سے کہہ سکتی ہوں کہ میں ایک چھوٹی سوچ رکھنے والے معاشرے میں رہنے والی بڑی لڑکی ہوں۔