افغان فوج کے دو ہیلی کاپٹرز ٹکرانے سے 9 اہلکار ہلاک!
کابل: افغانستان میں زخمی اہلکاروں کو اسپتال لے جانے والے دو ہیلی کاپٹرز ایک دوسرے سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں 9 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند میں دو جنگی ہیلی کاپٹرز ایک سرچ آپریشن میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال منتقل کررہے تھے کہ ٹیکنیکل خرابی کے باعث ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔
یہ سوویت یونین ساختہ ایم آئی-17 ہیلی کاپٹرز تھے، تصادم کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں افغان فوج کے زخمی اہلکار اور ہیلی کاپٹرز کا عملہ بھی شامل ہے۔ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمر زواک نے بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹرز ہلمند کے ضلع ناوا میں طالبان جنگجوؤں کے خلاف ایک فوجی آپریشن میں حصہ لینے والی کمانڈوز کی ٹیم کو دشوار گزار علاقے میں چھوڑنے اور واپس لانے کے لیے استعمال ہورہا تھا۔
ہلمند گورنر کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ چار گھنٹے سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے آپریشن میں 23 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کردیا گیا اور ضلع ناد علی میں تین نئی چیک پوسٹیں بھی بنائی گئی ہیں۔
دوسری جانب صوبے بغلان میں طالبان جنگجوؤں نے فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 16 اہلکار ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے جب کہ حملے کے بعد طالبان افغان فوج کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔