افغان آرمی کمانڈوز کے کمپاؤنڈ پر خودکُش حملہ، 4 افراد ہلاک 43 زخمی
کابل: خودکُش بمبار نے افغانستان میں نیشنل آرمی کمانڈوز کے کمپاؤنڈ پر بارودی مواد سے بھرے ٹرک کو ٹکرا دیا، نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبے بلخ میں افغان نیشنل آرمی کمانڈوز کے کمپاؤنڈ کے مرکزی دروازے پر خودکُش بمبار نے بارودی مواد سے بھرے ٹرک کو دھماکے سے اُڑا دیا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی تمام عمارتیں لرز اٹھیں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
دھماکے کے نتیجے میں مرکزی دروازے پر تعینات دو سیکیورٹی کمانڈوز موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر دو افراد کی لاشوں کو بھی اسپتال لایا گیا، جن کی شناخت نہ ہوسکی جب کہ 43 زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے 6 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے اس حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے کے نتیجے میں 5 ہزار طالبان اسیروں کی رہائی کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور جلدہی بین الافغان مذاکرات شروع ہونے والے ہیں۔