عدنان صدیقی ’ارطغرل غازی‘ کے مزار پہنچ گئے!

سوگت: پاکستان کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے ترک تاریخ کی مشہور شخصیت ’ارطغرل غازی‘ کے مزار پر حاضری دی ہے۔
وطن عزیز میں ترک ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ کے خوب چرچے ہیں، اسلامی تاریخ پر مبنی اس ڈرامے کے ہر کردار کو پاکستان میں خوب پذیرائی ملیہے۔ پاکستان کے نامور اداکار عدنان صدیقی آج کل ترکی میں ہیں، جہاں انہوں نے ترک تاریخ کی معروف شخصیت ’ارطغرل غازی‘ کے مزار کا دورہ کیا۔
عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ ’ارطغرل غازی‘ کے مزار پر موجود ہیں۔ اداکار نے 13ویں صدی کے ترک سپہ سالار کا مزار دکھاتے ہوئے اپنا کیمرا ایک قبر کی جانب کیا اور کہا کہ یہ ہے ’ارطغرل غازی‘ کا مزار۔


بعد ازاں عدنان صدیقی نے مزار پر حاضری کے بعد ان کی قبر پر فاتحہ بھی پڑھی اور ان کے ساتھ موجود ٹور گائیڈ انہیں دیگر قبروں کے بارے میں بھی بتاتے رہے، جن میں اکثریت ’ارطغرل غازی‘ کے ساتھ شہید ہونے والے سپاہیوں کی تھی۔ اس سے قبل عدنان صدیقی دورۂ ترکی میں ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ کے چند کرداروں سے ملاقات بھی کرچکے ہیں۔


دھیان رہے ترک ڈرامہ سیریل ‘ارطغرل غازی’ پی ٹی وی پر اردو ترجمہ کے ساتھ نشر کیا جارہا ہے، جہاں اس کا دوسرا سیزن شروع ہوچکا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔