سال نو پر فائرنگ کرنیوالے کیخلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج ہوگا، ایڈیشنل آئی جی کراچی
کراچی: ہر نئے سال کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے واقعات بہت سے گھرانوں کے لیے عمر بھر کا روگ بن جاتے ہیں، کئی افراد زخمی ہوتے ہیں جب کہ بعض اوقات شہری زندگی سے بھی محروم ہوجاتے ہیں۔ ان واقعات کی روک تھام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اس ضمن میں بڑا اقدام کیا ہے، جس کے تحت نئے سال میں فائرنگ کرنے والے کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج ہوگا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ خوشی میں ہوائی فائرنگ کہیں آپ کو ملزم نہ بنادے، لہٰذا ایسی سرگرمیوں سے گریز کریں، جس شخص کی گولی سے کوئی شہری زخمی ہوا وہ نامزد ہوگا، یہ تصور کیا جائے گا کہ شہری نے ہوائی نہیں بلکہ براہ راست فائرنگ کی ہے۔
اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کا دوٹوک انداز میں کہنا تھا کہ ہم نے لفظ ہوائی فائرنگ میں سے ہوائی نکال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 25 دسمبر اور نئے سال کے موقع پر سخت سیکیورٹی اقدامات ہوں گے، ہوائی فائرنگ سے ہر سال 20 سے 30 زائد افراد زخمی ہوتے ہیں۔ شہری قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔
پولیس کے مطابق 2017 میں معصوم سبحان جاں بحق اور درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے، 2018 میں ہوائی فائرنگ کے واقعات میں خواتین سمیت 19 افراد زخمی ہوئے، 2019 میں بھی ہوائی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 19 افراد زخمی ہوئے، 2020 کے آغاز کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے کمسن بچی اور خاتون سمیت 14 افراد زخمی ہوئے۔