اداکارہ ثانیہ سعید نے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کردی

کراچی: سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے پہلی بار اپنی نجی زندگی سے متعلق انکشافات کیے ہیں۔
ثانیہ سعید حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی شوہر سے علیحدگی ہوچکی ہے۔ اداکارہ کے مطابق یہ فیصلہ باہمی رضامندی سے اور خوش گوار ماحول میں کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی ازدواجی زندگی سے کوئی اولاد نہیں اور انہیں اپنی زندگی میں ان مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا جو اکثر خواتین کو کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے خود کو خوش نصیب قرار دیا کہ ان کی علیحدگی بھی باعزت اور سکون سے ہوئی۔
خیال رہے کہ ثانیہ سعید کی شادی معروف ہدایت کار شاہد شفاعت کے ساتھ ہوئی تھی، جنہوں نے ڈرامہ "دنیا پور” سمیت کئی کامیاب منصوبوں کی ہدایت کاری کی ہے۔ دونوں فنکاروں کا تھیٹر سے پرانا تعلق رہا ہے اور وہ بچپن سے ایک دوسرے کو جانتے تھے۔
ثانیہ سعید اور شاہد شفاعت کی شادی کا رشتہ طویل عرصے تک میڈیا کی نظروں سے اوجھل رہا، تاہم ثانیہ نے اب طلاق کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔