میرا نے فیملی کو لندن سیٹل کرایا، بہن بھائیوں کو اعلیٰ تعلیم دلوائی: بہن کا انکشاف

لندن: اداکارہ میرا کی بہن شائستہ عباس نے بہن بھائیوں کی پرورش اور اعلیٰ تعلیم میں بہن کے اہم کردار سے متعلق بڑے انکشافات کیے ہیں۔
نجی ٹی وی سے لندن میں گفتگو میں شائستہ عباس نے میرا پر عائد 10 برس کی پابندی کے حوالے سے بھی وضاحت پیش کی۔
میرا کی بہن نے بتایا کہ جب میں 6 برس کی تھی تو اس وقت ہمارے والد کا انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد گھر کی مکمل ذمے داری میرا پر آگئی تھی، میرا تمام بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔


شائستہ عباس نے بتایا کہ وہ برطانیہ میں وکیل ہیں، میرا نے تمام بہن بھائیوں کو اعلیٰ تعلیم دلوائی، تمام اہل خانہ کو والد کے انتقال کے فوراً بعد ہی برطانیہ میں سیٹل کردیا تھا، ہماری مکمل تعلیم لندن کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں کچھ وقت کے لیے پاکستان آئی تھی، وہاں بزنس کی تعلیم حاصل کی لیکن جلدہی لندن واپس آنے کے بعد میں نے وکالت کی تعلیم حاصل کی۔
شائستہ عباس نے مزید کہا کہ میرا نے ویزا درخواست فارم میں غلط انگریزی لکھ دی تھی، جس کی وجہ سے ان پر 10 برس کی پابندی لگی تھی، جو اب مکمل ہوچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا کی غلطی بہت معمولی سی تھی لیکن برطانوی حکومت نے اسے بہت سنجیدگی سے لے لیا اور ان پر 10 برس کی پابندی لگادی تھی، یہ ان دنوں کی بات ہے جب ہمارے درمیان اختلافات چل رہے تھے۔
انہوں نے اپنے اور میرا کے درمیان اختلافات پر بھی بات کی اور بتایا کہ میں لندن میں رہنا چاہتی تھی جب کہ میرا پاکستان میں رہنا چاہتی تھیں اور یہ بھی چاہتی تھیں کہ میں پاکستان واپس آکر شوبز انڈسٹری جوائن کروں، لیکن میں ایسا نہیں چاہتی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔