حافظ قرآن ہوں، والد شوبز میں آنے پر بات نہیں کرتے تھے، لائبہ خان
کراچی: ٹی وی اداکارہ لائبہ خان نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے 9 سال کی عمر میں قرآن پاک حفظ کرلیا تھا۔
اداکارہ لائبہ خان کا ایک انٹرویو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں اُن کا کہنا تھا کہ میں حافظ قرآن ہوں، 7 سال کی عمر میں والدین کی خواہش پر حفظ شروع کیا تھا اور 9 سال کی عمر میں مکمل کرلیا۔
لائبہ نے بتایا کہ بچپن میں حفظ کی خواہش میری نہیں تھی لیکن امی کی خواہش پر حفظ کیا اور جب قرآن پاک پڑھنا شروع کیا تو دل لگ گیا، چونکہ میری میموری بہت اچھی ہے لہٰذا 2 سال کے دوران ہی حفظ مکمل کرلیا۔
اُنہوں نے کہا کہ حفظ کے بعد میں نے اپنی پڑھائی کا دوبارہ آغاز کیا اور اسی وجہ سے مجھے 2 سال پیچھے کلاس 6th میں ایڈمیشن ملا۔
شوبز میں آنے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ میٹرک کے بعد میں اپنی امی کے ساتھ چھوٹی بہن اور اداکارہ ایمان کے ڈرامہ سیٹ پر چلی گئی تھی، اسی سیٹ پر کاسٹنگ ہیڈ نے مجھے ایکٹنگ کی آفر کی تھی جس پر میں نے پہلے انکار کردیا تھا لیکن پھر ہامی بھرلی، اسی دوران میں نے ایکٹنگ شروع کی اور پھر انٹر کرلیا۔
لائبہ خان نے مزید بتایا کہ چونکہ حافظ قرآن ہوں یہی وجہ ہے کہ شوبز کے آغاز میں والد کو ڈراموں میں آنا پسند نہیں تھا، والد بات نہیں کرتے تھے اور غصے میں رہتے تھے حتیٰ کہ ڈرامے بھی نہیں دیکھتے تھے، بابا کا کہنا تھا کہ میں نے چونکہ حفظ کیا ہے اس لیے مجھے شوبز میں نہیں آنا چاہیے۔
اداکارہ نے کہا کہ میرے دادا کو بھی ایکٹنگ پسند نہیں تھی لیکن والدہ کی سپورٹ نے سب کا رویہ تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔