پاکستان شوبز میں ایوارڈز دیے نہیں خریدے جاتے ہیں، اریبہ حبیب

کراچی: ٹی وی اداکارہ اریبہ حبیب نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری میں ایوارڈز سے نوازا نہیں جاتا بلکہ ایوارڈز کو خریدا جاتا ہے۔
اریبہ حبیب کا حالیہ انٹرویو میں کہنا تھا کہ انہیں ایوارڈز وصول کرنے سے زیادہ ریوارڈ لینا پسند ہے، کیونکہ ایوارڈز خریدے جاتے ہیں اور جب انہیں چاہیے ہوگا وہ خرید لیں گی۔
اریبہ حبیب نے کہا کہ ایوارڈز تو جگہ جگہ ملتے ہیں، وہ کہیں سے بھی خرید سکتی ہیں مگر انہیں ایسے ایوارڈز چاہیے ہی نہیں جو خریدنے پڑیں۔
اریبہ حبیب نے مزید کہا کہ جب وہ ماڈل تھیں تب ایوارڈز کو اہمیت دیتی تھیں، تاہم اداکاری کی دنیا میں آنے کے بعد سے کوئی ایوارڈ ان کے لیے معنی نہیں رکھتا، البتہ اداکار کے لیے سیٹ پر سے جانے کے بعد پیچھے کی جانے والی باتیں ایوارڈ ہوتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک اداکار کے لیے اس کا بینک اکاؤنٹ ہی اس کا اصل ایوارڈ ہے۔ اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے اداکارہ اریبہ حبیب نے کہا کہ وہ کئی ایسے سینئر اداکاروں کو جانتی ہیں، جن کے پاس بہت سے ایوارڈز ہیں مگر بیماری کے علاج کے لیے پیسے نہیں اور ایسے اداکاروں کو دیکھ کر ان کی آنکھیں بھر آتی ہیں۔
خیال رہے کہ بولی وُڈ میں بھی کئی مرتبہ اداکاروں کی جانب سے یہ الزام عائد کیا جاچکا ہے کہ ایوارڈز ملتے نہیں، خریدے جاتے ہیں جب کہ اب لالی وُڈ میں بھی یہ انکشاف سامنے آیا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔