اداکار اورنگزیب لغاری کام نہ ملنے پر فرنیچر کا کاروبار کرنے لگے

لاہور: پاکستان سے تعلق رکھنے والے سینئر اداکار اورنگزیب لغاری نے ڈراموں میں کام نہ ملنے کے باعث فرنیچر کا کاروبار شروع کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اداکار اورنگزیب لغاری کا انٹرویو وائرل ہورہا ہے، جس میں اُنہوں نے ڈراموں میں کام نہ ملنے کا شکوہ کیا۔
اورنگزیب لغاری نے کہا کہ اب 80 سے 90 فیصد پاکستانی ڈرامے کراچی میں بنتے ہیں جب کہ لاہور میں تو کام نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب لاہور میں ڈرامے بننا بند ہوئے تو میں بھی کام کے سلسلے میں کراچی منتقل ہوا، میں اسی اُمید سے کراچی گیا تھا کہ وہاں مجھے کام مل جائے گا اور میں اچھی زندگی گزاروں گا، لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔
اُنہوں نے کہا کہ جب کراچی میں بھی خاص کام نہیں ملا تو میں واپس لاہور آگیا، گھر چلانے کے لیے اپنی زمینیں فروخت کرتا رہا، لیکن اب گزارا مشکل ہوتا جارہا تھا تو میں نے لاہور کے ملتان روڈ پر فرنیچر کا اپنا شوروم بنالیا۔
اورنگزیب لغاری نے کہا کہ مجھے معلوم تھا کہ مستقبل میں گزارا مزید مشکل ہوجائے گا، اسی لیے میں نے اپنا کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ اب مجھے ڈراموں میں کام کی آفر نہیں ہوتی اور نہ ہی شوبز انڈسٹری کو اب میری ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دُعا کریں کہ میرا کاروبار چل پڑے، کیونکہ میں نہیں چاہتا کہ میرا پیٹ زیادہ دیر تک تکلیف میں رہے۔
خیال رہے کہ اورنگزیب لغاری نے ماضی میں کئی فلموں اور ڈراموں میں لازوال اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، انہیں سال 2014 میں پرائیڈ آف پرفارمنس بھی عطا کیا گیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔