وزیر بلدیات سندھ کی ہدایت، غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائیاں

کراچی: وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے سلیم رضا کھوڑو اور سینئر ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے پورا محکمہ بدنام ہے، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ماس کمپین کی منصوبہ بندی کی جائے، سندھ حکومت بھرپور معاونت فراہم کرے گی، پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ سے مدد لی جائے۔


انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنی ہوئی ہیں، ان کو فعال کیا جائے۔ ایس بی سی اے کو افرادی قوت اور ضروری ایکوپمنٹ فراہم کیا جائے گا، غیر قانونی تعمیرات کی رپورٹ کرنا متعلقہ افسر کی ذمے داری ہے۔ اگر رپورٹ نہیں کی گئی تو، سمجھا جائے گا افسرغیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سائیڈ سے غیر قانونی تعمیرات کی کوئی سرپرستی نہیں، قانون سے کوئی بالاتر نہیں، جو بھی غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہیں، ان کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں۔ غیر قانونی پورشن بن جاتے ہیں، چھوٹے چھوٹے پلاٹون پر آٹھ آٹھ منزلہ عمارتیں کھڑی کردی جاتی ہیں، آئے دن بلڈنگ گر جاتی ہیں، جس سے نقصان ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قوانین کو بہتر کیا جائے، سپریم کورٹ کے فیصلوں پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل محمدسلیم رضا کی ہدایات پر شہر کے مختلف اضلاع میں اضافی منزلوں، پورشنز اور استعمال اراضی کی خلاف ورزی سمیت دیگر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپورانہدامی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، آج صبح روانہ ہونے والی ڈیمالیشن اسکواڈ کی ٹیموں کی جانب سے مختلف علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات پرانہدامی ایکشن مسلسل جاری ہیں۔ اس سلسلے میں اب تک کی تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ، صدر ٹاؤن کے علاقے میں پلاٹ نمبر 34، NP-4،پر چھٹی،پانچویں اورچوتھی منزلوں کو منہدم کردیا جب کہ پلاٹ نمبر18، OT-01،پرچوتھی منزل کومنہدم کیاجارہاہے، پلاٹ نمبر108/2،شیٹ نمبر 3،گلشن فیصل پر تیسری منزل کی پری کاسٹ تعمیرات کو منہدم کردیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈیمالیشن ٹیم نے ڈسٹرکٹ لیاری کے گنجان آباد علاقے میں پلاٹ نمبر 2234، شیٹ نمبر 4، محلہ تغلق رانگی واڑہ پر معززعدالت کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے گراؤنڈ تا پانچویں منزل تک مکمل عمارت کو منہدم کیا جائے گا، ڈیمالیشن ٹیم کے ہاتھوں پانچویں منزل کی نصب شیٹرنگ منہدم ہوچکی مزید انہدامی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے اورپلاٹ نمبر 2706،بینک والی گلی گلستان کالونی پر غیرقانونی گراؤنڈپلس پانچ منزلہ عمارت پر اب تک کی کارروائی میں چوتھی منزل کاانہدام جاری ہے جب کہ زیریں منزلوں پر چھت کے حصوں کومنہدم کرکے عمارت کوسربمہرکرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ دریں اثناء مختلف ڈیمالیشن ٹیموں کی جانب سے کارروائیوں میں ڈسٹرکٹ سینٹرل نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے علاقے میں پلاٹ نمبر 10/15،سب بلاک 5-C،ناظم آباد پر تیسری منزل پر انہدامی عمل جاری ہے، لیاقت آباد ٹاؤن میں پلاٹ نمبرE-100،گلبہار پر مکینوں کی رہائشی موجودگی کے تیسری منزل کی نصف چھت کومنہدم کردیاجبکہ ڈسٹرکٹ ایسٹ،جمشید ٹاؤن میں پلاٹ نمبر269/1،کراچی ایڈمنسٹریٹو سی ایچ ایس پرغیرقانونی دکانوں کے رولنگ شٹرز کومنہدم کردیاگیا۔ مذکورہ بالاانہدامی کارروائیاں متعلقہ ڈپٹی واسسٹنٹ ڈائریکٹرزاورڈیمالیشن آفیسرز کی زیرنگرانی عمل میں لائی گئیں جب کہ اس دوران امن وامان کی صورتحال کوقابومیں رکھنے کے لئے ایس بی سی اے پولیس فورس سمیت علاقہ پولیس کی بھاری نفری بھی ان کے ہمراہ وہاں موجودتھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔