ہندو نوجوان پر تشدد اور ہندو مذہب کی توہین کرنے والا ملزم گرفتار

مٹھی: تھرکول کے ملازم کی جانب سے ہندو نوجوان پر تشدد اور ہندو مذہب کی توہین کرنے پر پولیس نے ملزم عبدالسلام ابو دائود کو کھوسکی سے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ملزم کی مکیش بھیل نامی ہندو نوجوان پر تشدد اور زبردستی ہندو مذہب کے خلاف نعرے لگوانے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔


مٹھی پولیس نے منگل کو ملزم عبدالسلام ابودائود کو کھوسکی سے گرفتار کرکے مٹھی تھانے منتقل کیا ہے۔ مٹھی پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر نمبر 71/2021 کے مطابق ملزم عبدالسلام ابو دائود نے مٹھی کے قریب ایک ہندو لڑکے مکیش بھیل پر بے جا تشدد کیا اور پھر ہندو مذہب کے خلاف ناصرف مغلظات بکیں بلکہ ہندو لڑکے سے زبردستی اس کے مذہب کے خلاف نعرے لگوائے۔
ملزم کی اس حرکت کی وجہ سے ہندو مذہب کے پیروکاروں کی ناصرف دل آزاری ہوئی بلکہ علاقے میں غم و غصے کی لہر بھی پائی جاتی ہے۔


سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل ہوئی، جس کی بنیاد پر سرکار کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ گرفتار ملزم عبدالسلام ابو دائود کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ تھرکول کمپنی میں ملازم ہے۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ ملزم نجی ٹھیکیدار کا ملازم ہے، البتہ گرفتار ملزم کا تعلق پنجاب کے علاقے رحیم یار خان سے ہے۔ ملزم نے سوشل میڈیا اکائونٹ پر اس سے قبل بھی ہندو مذہب کے خلاف وڈیوز اپ لوڈ کر رکھی ہیں۔
دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کے مطابق اس قسم کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد سندھ حکومت نے فوری نوٹس لیا، ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا اور ملزم گرفتار ہوا، جس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔