ڈسپلن کی خلاف ورزی، اسلم ابڑو اور شہریار شر پی ٹی آئی سے فارغ!
کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو اور شہریار شر کو پارٹی سے نکال دیا۔ پی ٹی آئی نے دونوں کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پی ٹی آئی نے پارٹی حکمت عملی سے روگردانی پر سندھ کے اراکین اسمبلی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پی ایس 1 جیکب آباد سے اسلم ابڑو، پی ایس 18 گھوٹکی سے شہریار خان شر کو پارٹی سے فارغ کردیا۔ سندھ سے تعلق رکھنے والی دونوں اراکین صوبائی اسمبلی کی بنیادی پارٹی رکنیت بھی ختم کردی گئی۔
تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب غربی سندھ، کراچی نے متفقہ فیصلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا کہ سینیٹ انتخابات میں اسلم ابڑو اور شہریار شر نے جماعتی احکامات سے روگردانی کی، دونوں اراکین سندھ اسمبلی کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دیا گیا، واضح، حتمی شواہد کی پڑتال اور ملزمان کی جانب سے صفائی پیش نہ کیے جانے پر معاملہ نمٹا رہے ہیں، اسلم ابڑو اور شہریار شر کی بنیادی رکنیت ختم کر کے دونوں کو فوری جماعت سے نکالا جائے، الیکشن کمیشن سے رجوع کرکے دونوں اراکینِ سے اسمبلی رکنیت بھی واپس لی جائے۔