عبدالرزاق اور وہاب ریاض کرکٹ سلیکشن کمیٹی سے بے دخل

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو بے دخل کردیا گیا۔
وہاب ریاض اور عبدالرزاق سلیکشن کمیٹی کا حصہ نہیں رہے، ان کی سبکدوشی کے بعد محمد یوسف اور اسد شفیق سلیکشن کمیٹی کے رکن ہیں جب کہ بلال افضل بھی سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں شامل ہیں۔
پی سی بی نے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کے سلیکشن کمیٹیوں سے الگ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی مین اور ویمن سلیکشن کمیٹی میں خدمات درکار نہیں بیں۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے مزید اپ ڈیٹس بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا کچھ عرصے سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق پر اعتماد برقرار نہیں رہا تھا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اسکواڈ کے انتخاب میں ان کا عمل دخل زیادہ تھا اور ان سلیکٹرز نے انہی کھلاڑیوں کی زیادہ حمایت کی جنہوں نے پرفارم نہیں کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق کچھ عرصے سے ان سلیکٹرز سے رائے بھی نہیں لی جارہی تھی، تاہم پی سی بی کا محمد یوسف اور اسد شفیق پر اعتماد برقرار ہے۔
خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں 4 سابق کرکٹرز وہاب ریاض، عبدالرزاق، اسد شفیق اور محمد یوسف شامل تھے جب کہ وہاب ریاض ٹیم کے سینئر منیجر بھی تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچز گیری کرسٹن، جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے اہم ملاقات کی تھی۔
محسن نقوی نے کوچز کو فری ہینڈ دیا اور کہا کہ آپ پر پورا اعتماد ہے، کھلاڑیوں کی کوچنگ کے حوالے سے آپ کو پوری سپورٹ دیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔