ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر جھوٹے الزامات کا ڈراپ سین، شادی کے الزامات بے بنیاد نکلے، والد کی معذرت
بیٹی ڈیپریشن کا شکار ہے، ہانیہ خان کے والد طارق پرویز نے منظر عام پر آ کر ڈاکٹر عامر سے معافی مانگ لی
کراچی: ممتاز اینکر پرسن اور پی ٹی آئی کے رہنما عامر لیاقت حسین سے شادی کی دعوے دار لڑکی، ہانیہ خان کے الزامات بے بنیاد نکلے۔
تفصیلات کے مطابق معروف اینکر سے جڑے تنازعے کا ڈراپ سین ہوگیا۔ عامر لیاقت کی تیسری بیوی ہونے کی دعوے دار، ہانیہ خان کے والد، طارق پرویز نے منظر عام پر آ کر ڈاکٹر عامر سے معافی مانگ لی۔
طارق پرویز نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ان کی بیٹی ڈیپریشن کا شکار ہے، عامر لیاقت سے نکاح کا دعوی بے بنیاد ہے، وہ اس سے یکسر لاعلم ہیں اور ڈاکٹر عامر سے معذرت چاہتے ہیں۔
اںھوں نے اپنی بیٹی کے اقدام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ڈپریشن کا شاخسانہ قرار دیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ میری بیٹی نے جھوٹا الزام لگایا، عامر لیاقت رمضان سے قبل ہمارے گھر آئے تھے اور ہماری مدد کی تھی جس کے بعد وہ واپس چلے گئے۔
خیال رہے کہ چند روز پہلے ہانیہ خان نامی ایک خاتون نے عامر لیاقت کی بیگم ہونے کا دعوے کیا تھا، مگر لڑکی کے والد طارق پرویز کی معذرت کے بعد اس معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا ہے۔