کھلاڑی کو ملک کی شرمندگی کا باعث بننے کے بجائے اچھا سفیر ہونا چاہیے، شاہد آفریدی

لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل رائونڈر شاہد آفریدی نے کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی کو ملک کا ایمبیسڈر ہونا چاہیے، ’ایمبیسرمنٹ‘ نہیں لیکن ایک انڈا ایسا ضرور ہوتا ہے جس کی وجہ سے سب خراب ہوجاتا ہے۔
ورلڈ چیمپئنز شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) کے سلسلے میں برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں گزشتہ روز ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کی منسوخی کے بعد شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے بھارت کی جانب سے میچ منسوخی کے اعلان پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔ ہم یہاں کرکٹ کھیلنے کے لیے آئے ہیں، ایک کھلاڑی کو اپنے ملک کے لیے شرمندگی کا باعث بننے کے بجائے اچھا سفیر ہونا چاہیے۔
انہوں نے ڈبلیو سی ایل میں پاکستان چیمپئنز کے خلاف میچ کے حوالے سے بھارتی ٹیم کے موقف میں اچانک تبدیلی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، اگر بھارت پاکستان کے خلاف نہیں کھیلنا چاہتا تھا، تو انہیں یہاں آنے سے پہلے انکار کرنا چاہیے تھا لیکن اب یہاں آکر، پریکٹس سیشنز میں حصہ لینے کے بعد، آخری لمحات میں اچانک سب کچھ بدل دیا۔
شاہد آفریدی نے بھارت کے انکار کی وجہ جاننے کے بعد حیرت کا اظہار کیا اور کہا، میں تو ویسے بھی ٹیم کا حصہ بھی نہیں تھا، اگر مجھے پہلے پتا ہوتا تو میں گراؤنڈ میں بھی نہ جاتا، کرکٹ پہلے ہے شاہد آفریدی بعد میں۔
انہوں نے کھیل کو سیاست سے دور رکھنے پر مزید زور دیتے ہوئے کہا، ماضی میں بھی کھیل کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہوئی تھی، اب بھی پوری پاکستانی ٹیم چاہتی تھی کہ وہ بھارت سے میچ کھیلے، مل بیٹھے اور گپ شپ لگائیں، جو قوم کچھ کرنا چاہتی ہے تو آگے بڑھتی ہے، وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر نہیں لڑتی۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی اپنے ملک کے لیے شرمندگی کا باعث نہیں بننا چاہیے، بھارتی ٹیم بھی کھیلنے آئی تھی لیکن ایک بندے کی وجہ سے ٹیم کافی مایوس ہوئی ہے، ایک آدھ انڈا خراب ہوتا ہے جس کی وجہ سے سب خراب ہوجاتے ہیں۔
واضح رہے کہ روایتی حریف ممالک کے درمیان غیر متوقع کشیدگی کی وجہ سے یہ میچ بھارتی کھلاڑیوں یعنی یووراج سنگھ، سریش رائنا، ہربھجن سنگھ، عرفان پٹھان اور شیکھر دھون کے شرکت سے انکار کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔