بجلی بلوں میں ریلیف کا نیا پلان آئی ایم ایف کو ارسال کردیا گیا

اسلام آباد: بجلی کے بلوں میں ریلیف کا نیا پلان آئی ایم ایف کو ارسال کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آئی پی پیز کے لیے مختص اضافی رقم کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بل سے اقساط وصول ہونے پر 15 ارب سے زائد کی یہ رقم واپس آئی پی پیز کے لیے مختص کی جائے گی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پلان پر وزارت خزانہ کے حکام دوبارہ بات کریں گے، نئے پلان میں آئی ایم ایف کو بجٹ سے باہر ریلیف نہ دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ نے نگراں حکومت کا بجلی بلوں میں ریلیف کا پلان رد کردیا تھا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پلان میں بتایا گیا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف سے ساڑھے 6 ارب روپے سے کم کا اثر پڑے گا، آئی ایم ایف نے پلان مسترد کرتے ہوئے 15 ارب روپے سے زائد کا اثر بتایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے 15 ارب کی مالیاتی گنجائش پوری کرنے کا پلان بھی مانگ لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے بجٹ سے آؤٹ نہ ہونے کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی گئی ہے، بلوں کو 4 ماہ میں وصول کرنے کے لیے بھی آئی ایم ایف سے درخواست کی گئی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔