تمباکو نوشی ترک کرنے کی قومی ہیلپ لائن فعال اورخدمات و سہولتیں فراہم کی جائیں، اے آر آئی

اسلام آباد: آلٹرنیٹیو ریسرچ انیشیٹیو (اے آر آئی) اور اس کی رکن تنظیم ورکرز ایجوکیشن اینڈ ریسرچ آرگنائزیشن نے حکومت سے تمباکو نوشی ترک کرنے کی قومی ہیلپ لائن کو انسانی و مالی وسائل کے ساتھ فعال اور مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سگریٹ نوشی چھوڑنے میں تمباکو نوشوں کی مدد کی جاسکے۔
اے آر آئی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ارشد علی سید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تمباکو نوشی ترک کرنے میں مؤثر خدمات و سہولتوں کی فراہمی تمباکو سے پاک پاکستان کے حصول کے لیے ضروری ہے۔ اگر ملک بھر میں یہ خدمات و سہولتیں بڑے پیمانے پر فراہم نہیں کی گئیں تو تمباکو سے پاک مستقبل کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔
بیان کے مطابق تمباکو نوشی چھوڑنے کی ہیلپ لائن کو فعال اور مؤثر بنانے کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ اس کے لیے انسانی و مالی وسائل بھی مہیا کیے جائیں۔
انگلستان، اسکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں تمباکو نوشی ترک کرنے کے مقامی مراکز میں ایڈوائزر موجود ہوتے ہیں جو تمباکو نوشی چھوڑنے کے سفر میں سگریٹ نوشوں کی مدد کرتے ہیں۔ اس عمل میں سگریٹ نوش کی تمباکو نوشی کی عادت کا دورانیہ، اسے چھوڑنے کی خواہش کا جائزہ لینے اور اس کے جسم میں کاربن مونو آکسائیڈ (سگریٹ کے دھویں میں ایک زہریلی گیس) کی مقدار جانچنے کے لیے سانس کا ٹیسٹ شامل ہیں۔
اس سے اگلے مرحلے میں نیشنل ہیلتھ سروسز کی جانب سے تمباکو نوشی ترک کرنے کے تجویز کردہ علاج کے طریقوں سے مدد کی جاتی ہے۔ ان طریقوں میں سے ایک طریقہ نکوٹین ریپلیسمنٹ تھراپی (این آر ٹی) بھی ہے۔ ایڈوائزر تمباکو نوشی ترک کرنے کے لیے ای سگریٹ کے استعمال کے سلسلے میں سگریٹ نوش کی رہنمائی کرتے ہیں۔ وہ تمباکو نوشی کی شدید طلب اور اپنی عادت کی طرف دوبارہ مائل ہونے جیسے مشکل حالات کی نشان دہی کرنے میں بھی ان کی مدد کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک میں تمباکو نوشی ترک کرنے کے لیے دستیاب خدمات و سہولتوں سے سیکھنے اور اسے اپنانے کی ضرورت ہے۔ ہم جب تک سگریٹ نوشی چھوڑنے میں بالغ افراد کی مدد نہیں کریں گے تب تک تمباکو سے پاک پاکستان کا خواب ادھورا رہے گا۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق دنیا کے 1.3 ارب تمباکو نوشوں میں سے 80 فیصد کم اور درمیانی درجے کی آمدن والے ممالک میں رہتے ہیں، پاکستان بھی ان ہی ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان میں اس وقت تین کروڑ دس لاکھ سے زیادہ افراد مختلف شکلوں میں تمباکو استعمال کرتے ہیں، جن میں سے نصف سے زیادہ سگریٹ نوش ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔