بچوں سے سیکھنے والی چند عادتیں
ہماری زندگی میں بہت سے اتار چڑھاوُ آتے ہیں غم، خوشی، ہنسی، رونا، آسودگی اور پریشانی یہ سب ہماری زندگی کا حصہ ہیں لیکن کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو مشکل حالات میں سنبھلتے نہیں بلکہ اسے دماغ پہ سوار کرکے اپنی زندگی کو اذیت بنادیتے ہیں ۔ اگر زندگی میں خوش رہنا اور کامیابی کی طرف گامزن رہنا چاہتے ہیں تو بچوں کی چند عادتیں اپنا لیں۔
۱۔
آپ نے زندگی میں کسی بچے کو ایک ہی چیز کے لئے بہت دیر تک اداس اور مایوس نہیں
دیکھا ہوگا جب کسی بچے کو ایک چیز نہیں ملتی تو کچھ دیر بعد وہ دوسری کسی چیز سے خود کو خوش
کرلیتا ہے۔ زندگی میں جو نہیں ہے اُس پر رونے کے بجائے جو ہے اُس پر شکر کرنے کی
عادت بنا لیں یقین مانیں یہ عادت آپ کی کامیابی کی پہلی سیڑھی بنے گی۔
۲۔
جب بچہ چلنا سیکھتا ہے تو درجنوں بار گرتا ہے لیکن وہ اپنے مقصد سے پیچھے نہیں
ہٹتا اُسے اس بات کی پرواہ نہیں ہوتی کہ میں بار بار گر رہا ہوں اور لوگ مجھ پر ہنس رہے ہیں اُسے اس بات کی
پرواہ بھی نہیں ہوتی کہ جہاں میں چلنے کی کوشش کر رہا ہوں وہ جگہ چلنے کے لئے
مناسب نہیں بس اُس کی نظر اپنی منزل پہ ہوتی ہے اور وہ ہر دن کوشش کرکے اپنی منزل
پالیتا ہے۔ آپ نے بھی اگر کچھ حاصل کرنا ہے تو بچوں کی طرح دنیا سے بے نیاز
ہوجائیں صرف اپنے مقصد پر نظر جمائے رکھیں۔
۳۔
بچے کبھی بھی خود کو محدود نہیں کرتے اُنہیں کوئی بھی چیز نظر آئے وہ اُس کے ساتھ
کھیلنے اوراُسے سمجھنے کی کوشش ضرور کرتے ہیں کبھی کام بن جاتا ہےتو کبھی بگڑ جاتا
ہے۔ آپ نے بھی جو کرنے کی ٹھانی ہے کرجائیں کبھی کامیابی آپ کا مقدر ہوگی تو کبھی
ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا لیکن ناکامی کے سبب جو سبق آپ سیکھیں گے وہ زندگی کے
بہت سے شعبوں میں آپ کی مدد کرے گا۔
۴۔
بچے اکثر معصوم ہوتے ہیں وہ سچ بولتے ہیں اور فطری طور پر ایمانداری کا مظاہرہ بھی
کرتے ہیں۔ بچے کبھی نہیں سوچتے کہ میری ایمانداری سے مجھے فائدہ ملے گا یا نقصان۔
اگرآپ زندگی آسان گزارنا چاہتے ہیں تو بچوں کی طرح ایماندار ہوجائیں اور سچ کو
اپنی زندگی کا نصب العین بنا لیں۔ وقتی طور پر مشکل میں آئینگے لیکن اس کے دیر پا
نتائج آپ کو حیران کردینگے۔
۵۔ بچے روزانہ کی بنیاد پر کچھ نہ کچھ سیکھتے رہتے
ہیں انہیں ہر چیز کو سیکھنے اور سمجھنے کا تجسس رہتا ہے۔ بدقسمتی سے ہم بڑوں میں
سیکھنے کا رحجان کم پایا جاتا ہے جس کی بدولت ہم ترقی نہیں کرپاتے یا ترقی کی
رفتار سست ہوجاتی ہے۔ آپ نے اگر کامیاب ہونا ہے تو روزانہ کچھ نئی چیزیں سیکھیں اس
سے آپ کی خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہوگا اور آپ کی شخصیت دیگر لوگوں سے منفرد
ہوجائے گی۔