کلبھوشن یادیو کو اپیل کا حق دینے کیلئے بل آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا
اسلام آباد: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق اپیل کا حق دینے کیلئے بل آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔
حکومت نے یہ بل11جون2021 کو اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باوجود قومی اسمبلی سے پاس کرایا تھا۔ اپوزیشن نے اس بل اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
قومی اسمبلی میں بل وفاقی وزیر فروغ نسیم نے پیش کیا تھا۔ اس بل کی منظوری کے بعد بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سمیت تمام غیر ملکیوں کو فوجی عدالتوں کی سزا کے خلاف اپیل کا حق مل جائے گا۔
وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے اس بل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل بھارت کے عزائم کے خلاف لائے ہیں، کلبھوشن کو قونصلر رسائی مسلم لیگ (ن) کے دور میں نہیں دی گئی اور اگر ہم یہ قانون نہ لاتے تو بھارت، سلامتی کونسل میں چلا جاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی عدالت انصاف نے واضح طور پر اپیل کا قانون لانے کا حکم دیا تھا اور اگر ہم یہ بل نہ لاتے تو بھارت ہمارے خلاف عالمی عدالت کی توہین کا مقدمہ درج کرواتا