اگلے برس پشاور بھی پی ایس ایل کا میزبان!
لاہور: پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز نے پی ایس ایل کو کمرشل ڈپارٹمنٹ سے علیحدہ کرکے ایک الگ ڈپارٹمنٹ بنانے کی منظوری دے دی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 58 واں اجلاس بذریعہ ویڈیو لنک ہوا، جس کی صدارت چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کی۔
بی او جی نے پاکستان سپر لیگ 2020 کے 30 میچوں کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی کو مبارک باد پیش کی۔
بی او جی کو بتایا گیا کہ پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز کے رواں سال انعقاد کے لیے منصوبہ بندی کررہے ہیں اور لیگ کے آئندہ ایڈیشن میں پشاور کو بطور پانچواں وینیو شامل کیا جائے گا جب کہ یہ ایڈیشن فروری اور مارچ 2021 میں منعقد ہوگا۔
بورڈ آف گورنرز نے پی ایس ایل کو کمرشل ڈپارٹمنٹ سے علیحدہ کرکے ایک الگ ڈپارٹمنٹ بنانے کی منظوری دے دی۔
پی ایس ایل کے پروجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید اس شعبے کی سربراہی جاری رکھیں گے اور وہ اس دوران تمام اسٹیک ہولڈرز سے تعلقات مزید بہتر کرنے اور ایک معیاری ایونٹ کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
اس حوالے سے ایک نگراں گروپ تشکیل دیا گیا ہے جس میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو، چیف آپریٹنگ آفیسر، چیف فنانشل آفیسر اور ڈائریکٹر کمرشل شامل ہیں۔