48 گھنٹوں میں لوڈشیڈنگ پر قابو پالیں گے، کے الیکٹرک
کراچی: چیف ایگزیکٹو آفیسر کے الیکٹرک مونس عبداللہ علوی نے گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ملاقات میں آٗئندہ 48 گھنٹوں میں لوڈ شیڈنگ بحران پر قابو پانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
گورنرہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران گورنر عمران اسماعیل نے کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کراچی کے شہریوں کے ساتھ سخت نا انصافی ہے۔
انہوں نے سی ای او کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ صورت حال کا تدارک کرکے شہریوں کو جلد از ریلیف دیا جائے۔ وفاق کی جانب سے کے الیکٹرک کو اضافی گیس مہیا کی جارہی ہے، اس کے باوجود اس طرح کی صورت حال کا پیدا ہو نا تشویش ناک ہے۔
گورنر نے کہا کہ کے الیکٹرک کو اضافی فرنس آئل حبکو سے مہیا کیا جائے گا۔ وفاق کے الیکٹرک کو 650 میگا واٹ بجلی فراہم کرنے کا پابند ہے جبکہ کراچی کے شہریوں کی سہولت کے لیے وفاق اضافی 500 میگا واٹ بجلی دینے کے لیے تیار ہے لیکن سسٹم میں سرمایہ نہ لگانے سے کے الیکٹرک کے پاس 500 میگا واٹ اضافی بجلی سنبھالنے کی صلاحیت نہیں ہے ۔
سی ای او کے الیکٹرک مونس عبداللہ علوی نے کہا کہ فرنس آئل کی کمی کی وجہ سے ٹپال اور گُل احمد پاور پلانٹ بند ہیں جب کہ وفاق سے اضافی فرنس آئل ملنے سے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ لوڈ شیڈنگ میں اگلے چوبیس گھنٹوں میں بہتری آجائے گی اور اگلے 48 گھنٹوں میں اس بحران پر قابو پالیا جائے گا۔