راحت فتح کو آکسفورڈ سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری ملے ایک سال مکمل!

کراچی: سروں کے سلطان استاد راحت فتح علی خان کو آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملے ایک سال مکمل ہوگیا۔ 26 جون 2019 کو لندن میں ایک بہت بڑی تقریب میں دنیا بھر میں قوالی کے فن کو فروغ دینے اور نمایاں خدمات انجام دینے پر عالمی شہرت یافتہ آکسفورڈ یونیورسٹی نے
گلوکار راحت فتح علی خان کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا تھا۔ آج استاد راحت کے لاکھوں مداح اس خوشی میں کیک کاٹیں گے، یاد رہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی نے استاد راحت فتح علی خان کی صوفیانہ موسیقی میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں مارچ 2019 میں اعزازی ڈگری دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ وہاں 25 جون 2019 کو آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر نے استاد راحت فتح علی کےاعزاز میں عشائیہ بھی دیا تھا۔ راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ دنیا کے نامور تعلیمی ادارے سے ڈگری ملنا میرے اور پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے، 26 جون میرے خاندان اور مداحوں کے لیے بڑا دن تھا اور رہے گا۔ اس موقع پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج موسیقی سے لگاؤ نے بلندیوں تک پہنچادیا۔ میں اپنی کامیابی کو اپنے خاندان اور ٹیم کے نام کرتا ہوں اور اس میں سلمان احمد کی کاوشیں بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر اپنے استاد کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان عظیم پاکستانی قوال، موسیقار اور گلوکار تھے۔ میرے والد فتح علی خان اور تایا مبارک علی خان اپنے وقت کے مشہور قوال تھے۔ ہمارا خاندان چھ سو سال سے فن قوالی کی خدمت کررہا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔