مکینک کا بیٹا افسر بن گیا!
لاڑکانہ: پچھلے دنوں سی ایس ایس 2019 کے حتمی نتائج سامنے آئے جس میں لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے مکینک کے بیٹے زوہیب قریشی نے کامیابی حاصل کرکے مرحوم والد کا خواب پورا کردیا۔
زوہیب قریشی سی ایس ایس امتحانات کے نتائج کی میرٹ لسٹ میں 260 ویں نمبر پر آئے اور ٹریننگ کے بعد وہ محکمہ لینڈ اینڈ ریونیو میں افسر کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔
اس حوالے سے زوہیب قریشی نے بتایا کہ ان کے والد لاڑکانہ میں ایک موٹر مکینک تھے جن کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ ان کے بچے سی ایس ایس آفیسرز بنیں جس کے لیے انہوں نے اپنے دونوں بیٹوں اور بیٹی کو اعلیٰ تعلیم دلوائی۔
زوہیب قریشی نے کہا کہ انہوں نے 2010 میں لاڑکانہ کیڈٹ کالج سے ایف ایس سی پاس کیا اس کے بعد انہوں نے 2 مرتبہ کمیشن آفیسر بننے کی کوشش کی تھی لیکن انہیں دونوں بار اس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا لیکن ان کے والد نے انہیں ہمت دی اور سی ایس ایس کرنے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے والد کی حوصلہ افزائی پر مہران یونیورسٹی حیدرآباد میں مکینیکل انجینئرنگ میں داخلہ لیا اور وہاں اپنی تعلیم شروع کی، اسی دوران 2012 میں ان کے والد وفات پاگئے۔
زوہیب قریشی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد کی خواہش پوری کرنا تھی لیکن وہ سی ایس ایس کی تیاری پر ٹھیک سے اپنی توجہ مرکوز نہیں کرپا رہے تھے کیونکہ ان کے والد کے انتقال کے بعد انہوں نے سرکاری ملازمت شروع کردی تھی لیکن اسی دوران ان کی والدہ اور گھر والوں نے نوکری چھوڑ کر سی ایس ایس کے لیے محنت کرنے کا حوصلہ دیا۔
زوہیب کے مطابق انہیں اس دوران کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے ٹیسٹ دیا اور نتائج میں وہ ایک مضمون میں فیل ہوگئے جس پر انہیں عزیز و اقارب کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا لیکن ناکامی کے بعد بھی زوہیب نے ہمت نہ ہاری اور سندھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان دیا جس میں وہ کامیاب ہوگئے لیکن انٹرویو میں فیل ہوگئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر فیل ہونے کے بعد سی ایس ایس کی تیاری کی اور امتحان دیا، جب نتائج کا اعلان ہوا تو ان کے دوست نے انہیں فون کرکے بتایا کہ تمہارا نام کامیاب امیدواروں کی فہرست میں شامل ہے، یہ خبر سننے کے بعد وہ بے حد خوش ہوئے اور انٹرویو کی تیاری شروع کی۔
زوہیب کا کہنا تھا انٹرویو کا مرحلہ بہت مشکل تھا لیکن اللّہ کا شکر کہ اس نے کامیابی سے نوازا اور آج اپنے مرحوم والد کا خواب پورا کرلیا۔