مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے ترکی میں نغمہ ریلیز
انقرہ: ترکی میں پہلی بار مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے نغمہ جاری کردیا گیا۔
‘میرا نام کشمیر ہے’ کے نام سے یہ نغمہ انگریزی زبان میں دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا ہے جس کی ویڈیو میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم اور کشمیریوں کو آزادی مانگتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر یہ نغمہ تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔
یہ نغمہ ترکی کے نغمہ نگار اور موسیقار ترگے ایورین نے لکھا ہے اور اس کی موسیقی بھی انہوں نے ترتیب دی ہے جب کہ اس نغمے کو حال ہی میں اسلام قبول کرنے والی معروف امریکی گلوکارہ ڈیلا مائلز نے گایا ہے۔
ترک نغمہ نگار اور موسیقار ترگے ایورین کا کہنا ہے کہ یہ نغمہ آزادی سے محروم دنیا بھر کے مظلوم عوام کے لیے ہے ۔
نغمے کی ویڈیو میں بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیری عوام کی جدوجہد اور پاکستان سے محبت کی عکاسی کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس نغمے کو تیزی سے شیئر کیا جارہا ہے، مظلوم کشمیری عوام کے لیے آواز اٹھانے پر ترک موسیقار کی تعریف کی جارہی ہے اور سب کا شکریہ ادا کیا جارہا ہے۔