کراچی میں رہائشی عمارت گرنے سے 7 جاں بحق، 10 زخمی
کراچی: گزشتہ روز لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے اب تک 2 خواتین سمیت 7 افراد کی لاشیں اور 10 زخمیوں کو نکالا جاچکا ہے۔
عمارت گرنے سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی۔ گنجان آباد علاقہ ہونے کے باعث ریسکیو ورکرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ منہدم ہونے والی عمارت میں متعدد خاندان آباد تھے۔ ملبے سے 7 لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کی جاچکی ہیں جب کہ مزید متعدد افراد ملبے تلے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کے مطابق عمارت خستہ حال ہو جانے کی وجہ سے مکینوں کو نوٹس دیے گئے تھے اور اتوار کو عمارت میں ایک اور دراڑ آنے کے باعث بھی کئی گھر خالی ہوگئے تھے۔ عینی شاہدین اور علاقہ مکینوں کے مطابق بعض فلیٹ خالی ہونے کے باوجود عمارت میں متعدد خاندان رہائش پذیر تھے۔
گنجان آبادی اور تنگ راستے ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات درپیش ہیں اور مشینری کے جائے حادثہ پر پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔