کراچی میں دو رہائشی عمارتیں گر گئیں، متعدد خاندان ملبے تلے موجود

کراچی: کراچی کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ میں پانچ اور تین منزلہ دو عمارتیں گر گئیں جب کہ ملبے سے ایک خاتون کی لاش نکال لی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارتیں گرنے سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی۔ گنجان آباد علاقہ ہونے کے باعث ریسکیو ورکرز کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پانچ اور تین منزلہ دو عمارتیں گری ہیں۔ ایک عمارت کے ملبے سے جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش نکال کر اسپتال منتقل کی جاچکی ہے جب کہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ عینی شاہدین اور علاقہ مکینوں کے مطابق عمارت مخدوش تھی اور اس کے کئی رہایشی پہلے ہی یہاں سے منتقل ہوچکے تھے تاہم اب بھی عمارت میں متعدد خاندان رہائش پذیر تھے۔ امدادی کارروائی کے لیے موقع پر ریسکیو ٹیموں کے رینجرز اور پولیس کے دستے بھی پہنچ چکے ہیں۔
گنجان آبادی اور تنگ راستے ہونے سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔ ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری درکار ہے تاہم تنگ راستوں کے باعث مشینری کے جائے حادثہ پر پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ریسکیو کے مطابق بھاری مشینری کے ذریعے عمارتوں کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا جاچکا ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امدادی کارروائی اور تحقیقات کی ہدایت جاری کردی ہے۔ انہوں نے کمشنر کراچی کو فوری طور پر جائے حادثہ پر آپریشن شروع کرنے کے احکامات بھی دے دیے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔