کیس سنگین، شہباز شریف جیل جائیں گے، شیخ رشید
لاہور: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نیب کے گرفتاری کے لیے چھاپے کے وقت شہباز شریف گھر کے پچھلے کمرے میں چھپے تھے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب نیب کا چھاپہ پڑا شہباز شریف گھر میں ہی تھے اور پچھلے کمرے میں چھپے تھے، وہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کے عادی ہیں اور مفاہمت کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، لیکن وزیراعظم عمران خان کو مفاہمتی کردار میں کوئی دلچسپی نہیں، میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ عید کے بعد نیب کی ٹارزن کے روپ میں واپسی ہوگی۔
شیخ رشید نے کہا کہ شہبازشریف جیل جائیں گے، ان کا کیس سنگین ہے، یہ خاک لیڈر ہیں کہ ان کے پیچھے پولیس لگی ہے اور یہ گرفتاری سے بھاگ رہے ہیں، یہ سمجھ رہے ہیں کہ ان کی کمپنی کی مشہوری ہورہی ہے حالانکہ اس پر مسترد کا ٹھپہ لگ رہا ہے، ہم تو خود گرفتاری دیتے تھے، جیل تو حقیقی سیاست دان کا سسرال ہوتا ہے لیکن یہ چور اور خائن سیاست دان ہیں، یہ لوگ چینی میں بھی نہیں بچیں گے۔
سوشل میڈیا پر نواز شریف کی لندن میں تصویر سامنے آنے سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ تصویر پر نہ جائیں نوازشریف سے کوئی پوچھے ان پر کیا گزر رہی ہے، باہر زندگی گزارنا مشکل ہے، لاہور لاہور ہے اور لندن میں کچھ نہیں رکھا، اندر سے ان کا حال پوچھو کیا گزر رہی ہے، حقیقت میں تو ان کے رنگ پسٹن خراب ہوچکے اور انجن دھواں دے رہا ہے، یہ ویسے ہی تصویروں میں واک اور چائے نظر آتی ہے، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے معاملے پر فواد چوہدری کی بات صحیح ہے، رپورٹوں پر کچھ ریگ مال ضرور پھیرا گیا ہے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ چینی بحران کے تمام ذمے دار جیل جائیں گے اور عمران خان ملوث افراد کو آئین و قانون کے شکنجے میں کسیں گے، کل کابینہ اجلاس میں چینی رپورٹ کا معاملہ زیر بحث آئے گا اور آٹے کی فرانزک رپورٹ کا فیصلہ ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ پٹرول سستا ہوا اور ذخیرہ اندوزوں نے مسئلہ پیدا کیا، پٹرول قلت پر ای سی سی میں بات ہوئی ہے، اوگرا کو قلت دور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پٹرول ایک دم دوبارہ مہنگا ہونے جارہا ہے، اسی لیے مافیا ذخیرہ اندوزی کرکے قیمتیں مہنگی ہونے کا انتظار کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیل مل میں حکومت وہی کرے گی جو سپریم کورٹ فیصلہ کرے گی۔