سیاہ فام شہری کی ہلاکت، ٹرمپ کی مظاہرین کو فوجی طاقت سے روکنے کی دھمکی
واشنگٹن: امریکا کے صدر ٹرمپ نے ملک میں بڑھتے مظاہروں اور احتجاج کو روکنے کے لیے فوجی طاقت کے استعمال کی دھمکی دے دی۔
ایک خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے ملک میں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے بعد بگڑتی ہوئی صورت حال اور مظاہرین سے نمٹنے کے لیے فوجی طاقت کے استعمال کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر شہری انتظامیہ یا ریاست کی جانب سے مظاہرین کے خلاف سخت ایکشن نہیں لیا جاتا تو میں لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے امریکی فوج کو بھیجوں گا جو فوری طور پر مسئلے کو حل کردے گی۔
دوسری جانب پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد اہل خانہ نے اس کا پوسٹ مارٹم کروایا ہے جس کی رپورٹ کے مطابق جارج کی موت دم گھٹنے سے ہوئی، لواحقین کے وکیل کا کہنا ہے کہ موت دل کے امراض کی وجہ سے نہیں ہوئی، جیسا کہ سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے.
امریکا میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی پولیس تحویل میں قتل کے خلاف جاری مظاہروں میں شدت آگئی ہے، امریکی صدر کے خطاب سے پہلے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے وائٹ ہاؤس کے باہر آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں بھی برسائی گئیں جب کہ کینٹکی میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شخص بھی ہلاک ہوگیا۔