کورونا معاملہ، بے حسی اور غفلت کا نتیجہ بڑی تباہی کی صورت نکل سکتا ہے، شہباز شریف
اسلام آباد: قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی ناسمجھی، غیر دانش مندی اور عاقبت نااندیشی سے کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایک دن میں کورونا سے 72 افراد کے جاں بحق ہونے پر تعزیت اور تشویش کا اظہارِ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ناسمجھی، غیردانش مندی اورعاقبت نااندیشی سے کورونا وبا اس رفتار سے پھیل رہی ہے، اموات کی بڑھتی تعداد ڈاکٹرز، ماہرین، تجزیہ نگاروں اور رہنماوٴں کے خدشات کی تصدیق ہے، حکومت کی مجرمانہ لاپروائی سے ڈاکٹرز اور سمجھ رکھنے والا ہرباشعور شخص گھبرایا ہوا ہے، مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلایا جائے جس میں وفاق اور صوبے حالات کا ازسرنو جائزہ لے کر اقدامات کریں۔ کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز کے جاں بحق ہونے کی بڑھتی تعداد بھی انتہائی تشویش ناک ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بے حسی اورغفلت کا نتیجہ خدانخواستہ بڑی تباہی کی صورت نکلنے کوہے، ہوش کے ناخن لئے جائیں، ٹڈی دل کو ڈھول سے بھگانے اور کورونا کے پھیلاوٴ اور اموات پر خاموشی کی حکومتی پالیسی ناکام ہوچکی ہے، جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کی دعا، پس ماندگان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صبرِ جمیل دے اوراپنے ان شہید ڈاکٹر بیٹوں اور بیٹیوں پر فخر ہے، اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔