10 روپے کے نوٹ کی بندش کی خبروں پر اسٹیٹ بینک کی وضاحت
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے مالیت کے بینک نوٹ کی مبینہ بندش اور اسے تبدیل کرانے کی آخری تاریخ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی ہے۔ مرکزی بینک نے واضح کیا کہ کسی بھی کرنسی نوٹ کو بند کرنے یا اس کی جگہ نیا نوٹ متعارف کرانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 10 روپے کے نوٹ سے متعلق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی اطلاعات گردش کررہی تھیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مذکورہ نوٹ جلد گردش سے نکال دیا جائے گا اور اسے تبدیل کرانے کے لیے ایک مخصوص آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ مرکزی بینک نے ان اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عوام کو گمراہ کُن معلومات سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے کہا کہ کرنسی نوٹوں سے متعلق کسی بھی تبدیلی یا فیصلے کا اعلان صرف اس کے سرکاری ذرائع سے کیا جاتا ہے۔ شہری غیر مصدقہ سوشل میڈیا اطلاعات پر اعتماد کرنے کے بجائے مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ سرکاری معلومات کو ترجیح دیں۔