سائرہ پیٹر کی اوپیرا دھمال پر شاندار پرفارمنس، وفاقی وزیر بھی جھوم اٹھے

اسلام آباد: برٹش پاکستانی اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) اسلام آباد میں اپنی منفرد اور شاندار اوپیرا دھمال پیش کرکے حاضرین کو مسحور کردیا جب کہ وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی بھی اس پُرجوش پرفارمنس سے لطف اندوز ہوتے ہوئے جشن میں شریک ہوگئے۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کے اعزاز میں پی این سی اے آڈیٹوریم اسلام آباد میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے حکام و سفارتی شخصیات، ممتاز ثقافتی شخصیات، فنکاروں اور بڑی تعداد میں موسیقی کے شائقین نے شرکت کی، جس سے تقریب کی رونق اور اہمیت میں مزید اضافہ ہوگیا۔

’’اوپیرا اینڈ صوفی۔۔۔ لائیو کنسرٹ‘‘ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے)، قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا، جو سائرہ پیٹر کے لیے 2026 کے صدارتی اعزاز ستارۂ امتیاز کے لیے انتخاب کی خوشی میں ہونے والی تقریبات کا حصہ تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی تھے جب کہ پارلیمانی سیکریٹری فرح ناز اکبر، ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے محمد ایوب جمالی اور سابق وفاقی وزیر سید جمال شاہ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔


بین الاقوامی سطح پر اپنی منفرد شناخت بنانے والی برٹش پاکستانی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر، جنہیں پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر اور دنیا کی پہلی صوفی اوپیرا سنگر کے طور پر بھی متعارف کرایا جاتا ہے، نے اپنی پُراثر آواز اور منفرد اندازِ گائیکی سے حاضرین پر سحر طاری کردیا۔
سائرہ پیٹر نے مغربی اوپیرا اور صوفی موسیقی کا دلکش امتزاج پیش کیا، جس میں پاکستان کے مالا مال ثقافتی ورثے، موسیقی کے تنوع اور فنکارانہ صلاحیتوں کی خوبصورت عکاسی نظر آئی۔ بالخصوص ان کی شاندار اوپیرا دھمال کو حاضرین نے بے حد سراہا اور بھرپور داد دی۔
ان کی پرفارمنس نے مشرقی اور مغربی موسیقی کے روایتی انداز کے حسین امتزاج کو اجاگر کیا جب کہ پاکستانی ثقافت کی گہرائی، رنگا رنگی اور فنی تنوع بھی نمایاں طور پر سامنے آیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ یہ تقریب پی این سی اے کے اس عزم کی عکاس ہے کہ ملک میں پرفارمنگ آرٹس اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے، ثقافتی تنوع کو اجاگر کیا جائے اور پاکستانی فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مؤثر اور باوقار پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں۔


انہوں نے سائرہ پیٹر کو ستارۂ امتیاز کے لیے منتخب ہونے پر مبارک باد بھی پیش کی۔
تقریب کے دوران سائرہ پیٹر کی بین الاقوامی پرفارمنسز پر مشتمل ایک خصوصی شو ریل بھی دکھائی گئی، جو تقریب کی اہم کشش ثابت ہوئی۔ شو ریل میں ان کی بین الاقوامی سطح پر نمایاں فنی سرگرمیوں اور کامیابیوں کی جھلکیاں پیش کی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سائرہ پیٹر نے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی، سابق وفاقی وزیر سید جمال شاہ اور پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد ایوب جمالی کا تعاون اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارۂ امتیاز کے لیے منتخب کیے جانے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا: ’’میں حکومتِ پاکستان کی شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے ستارۂ امتیاز کے لیے منتخب کیا۔ میں لندن میں رہتی ہوں، لیکن میرا دل پاکستان کے لیے دھڑکتا ہے، کیونکہ میری پیدائش اسی سرزمین پر ہوئی ہے۔‘‘

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔