میر رضا کیس: صوبائی وزیر ضیا لنجار جوڈیشل کمیشن میں پیش، غیر مشروط معافی مانگ لی
کراچی: میر رضا قتل کیس سے متعلق بنائے گئے جوڈیشل کمیشن میں وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے پیش ہوکر غیر مشروط معافی مانگ لی۔
میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں ہوا، اس دوران وزیر داخلہ سندھ کمیشن میں پیش ہوئے اور غیر مشروط معافی مانگ لی۔
جسٹس عمر سیال نے کہا کہ میر رضا کے اہل خانہ کا اعتماد بہت ہی کم ہے، ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے آگ پر پیڑول چھڑکنے کا کام کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کوئی بھی سوچے کہ سندھ حکومت تحقیقات نہیں چاہتی، ہم چاہتے ہیں شفاف کارروائی ہو اور لواحقین کو انصاف ملے۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن کا نتیجہ آنا ضروری ہے، تاکہ حقائق سامنے آئیں، جو لوگ ملوث ہوں گے، اُنہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
میر رضا کے والد کے وکیل جبران ناصر نے میر رضا کے بزنس پارٹنر کو دوبارہ طلب کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ احمد کی جانب سے کمیشن پر الزامات لگائے گئے۔
اجلاس میں شہریوں کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کو میر رضا کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس، ڈیجیٹل فٹ پرنٹس اور کلاؤڈ لاگ اِن سے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
بعدازاں کمیشن نے میر رضا کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر اسامہ، ڈاکٹر سمعیہ، ایس ایچ او عدیل افضال اور ہیڈ محرر ذیشان کو طلب کرلیا۔