سابقہ بیوی ایمان کے خلاف رجب بٹ کا پھر قانونی وار

لاہور: معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی سابقہ اہلیہ ایمان اسد کو ہتکِ عزت کا قانونی نوٹس بھیج دیا، جس پر ایمان کے وکیل کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔
ایمان اسد کے وکیل نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ رجب بٹ کی جانب سے ان کی مؤکلہ کو ایک مرتبہ پھر قانونی نوٹس موصول ہوا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایمان کی جانب سے شیئر کیے جانے والے کمنٹس، ریلز اور ویڈیوز رجب بٹ کو بدنام کرنے کے لیے ہیں۔
وکیل نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نوٹس کے ساتھ ان الزامات کے حق میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔
ان کے مطابق قانونی نوٹس کا جواب جمع کروادیا گیا ہے اور رجب بٹ سے اپنے الزامات کے حق میں شواہد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ایمان اسد کے وکیل نے مزید الزام عائد کیا کہ مذکورہ قانونی نوٹس کا مقصد ان کی مؤکلہ کو ہراساں کرنا ہے۔
واضح رہے کہ رجب بٹ اور ایمان اسد کی علیحدگی کے بعد دونوں سے متعلق معاملات مسلسل سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں جب کہ تازہ قانونی نوٹس نے اس تنازع کو ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔