بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، بھارتی حمایت یافتہ 11 دہشت گرد جہنم واصل

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خاران اور واشک میں 6 اور 7 ستمبر کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، خاران میں دہشت گردوں کی سڑک بلاک کرکے ٹریفک معطل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ کارروائی کے دوران 8 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک ہوئے، واشک میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کیا گیا اور 3 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
بیان کے مطابق واشک آپریشن میں 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، دہشت گرد دھماکا خیز مواد آئی ای ڈیز کی تیاری میں استعمال کررہے تھے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خاران اور واشک میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ 11 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔ سیکیورٹی فورسز بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔