یومِ بحریہ: سمندری سرحدوں کے محافظوں کو قوم کا سلام
اسلام آباد/ کراچی: سمندری حدود کے نگہبانوں کو قوم کا سلام، ملک بھر میں آج 8 ستمبر کو یوم بحریہ منایا جارہا ہے۔
جنگ ستمبر 1965 میں پاک بحریہ نے اپنی صلاحیتوں اور بہادری کا لوہا منوایا، سمندری حدود کے دفاع کے ساتھ ساتھ دشمن کے خلاف اہم کارروائیاں انجام دیں، آپریشن دوارکا کو بحریہ کی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
کراچی سے قریبا 350 کلومیٹر دور دوارکا کو بھارت کے دفاعی قلعے کی حیثیت حاصل تھی، ریڈار اسٹیشن سے بھارتی فضائیہ کو مدد فراہم کی جارہی تھی، پاک بحریہ نے ریڈار اسٹیشن کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا۔ 7 جنگی جہازوں پر مشتمل پاک بحریہ کا جنگی بیڑا ریڈیو سگنلز کے بغیر آگے بڑھا، بحری فوج نے چند منٹ کے دوران بھارتی ریڈار اسٹیشن مکمل تباہ کردیا۔
اسلام آباد کے نیول ہیڈکوارٹرز میں یومِ بحریہ کی مناسبت سے یادگارِ شہداء پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے یادگارِ شہداء پرحاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پاک بحریہ کے شہداء کی عظیم قربانیوں کوخراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، چیف پیٹی آفیسرز، سیلرز، نیوی سویلینز اور شہداء کے اہلِ خانہ نے شرکت کی، چیف آف نیول اسٹاف نے شہداء کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کی اور ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ بحریہ پاکستان کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ وطن کی سمندری حدود، قومی مفادات اور بحری تجارت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ کا بھارتی بحری تنصیب دوارکا کے خلاف تاریخی آپریشن ’سومناتھ‘ اس کی شجاعت، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی یاد دلاتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مئی 2025 کے معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے آپریشنل تیاری اور پیش قدمی کے ذریعے پاکستان کے بحری مفادات کا مؤثر دفاع کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ یومِ بحریہ 1965 کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے عزم، شجاعت اور ثابت قدمی کی یاد تازہ کرنے والا قابلِ فخر دن ہے۔ پاک بحریہ نے آپریشن ’سومناتھ‘ کے ذریعے دشمن کی اہم ساحلی تنصیبات کو نشانہ بنایا جب کہ آبدوز ’غازی‘ کی موجودگی نے دشمن کی نقل و حرکت پر دباؤ بڑھایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مئی 2025 کے معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے اعلیٰ عملی تیاری کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث عددی برتری رکھنے والا دشمن سمندر میں کسی جارحانہ کارروائی سے باز رہا۔