وزیر اطلاعات کی عمران کے پمز میں معائنے اور واپس اڈیالہ جیل منتقلی کی تصدیق
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پمز اسپتال میں طبی معائنے اور واپس اڈیالہ جیل بھیجے جانے کی تصدیق کردی۔
عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ قیدی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال لے جایا گیا، جہاں ماہرِ امراض چشم، ماہرِ امراض قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں نے ان کامعائنہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے جو سیکیورٹی کی صورت حال الشفا اسپتال کے راستے میں اور باہر پیدا کی گئی، اس کے پیش نظر ان کو پمز اسپتال لے جایا گیا، جہاں الشفا اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق ڈاکٹروں نے عمران خان کو طبی طور پر صحت مند قرار دیا جب کہ ان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ طبی معائنے کے بعد انہیں 21 اگست کی صبح 5 بجے واپس اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پہلے بھی طبی سہولتیں فراہم کی جاتی رہی ہیں اور اب بھی جب ان کو ضرورت پڑے گی طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بدھ کو دیے گئے فیصلے میں عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔