کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا بالآخر شادی کے بندھن میں بندھ گئے

لزبن: دنیائے فٹ بال کے سپراسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی طویل رفاقت کو شادی کے خوبصورت بندھن میں بدل دیا، پرتگالی فٹ بالر نے اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے نجی تقریب میں شادی کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ رونالڈو اور 32 سالہ جارجینا نے 11 اگست کو پرتگال کے ساحلی شہر کاسکائس میں ایک نجی تقریب کے دوران ایک دوسرے کو زندگی بھر کا ساتھی منتخب کیا، جس میں ان کے بچے بھی شریک ہوئے۔
رونالڈو نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں دونوں کے ہاتھ ایک دوسرے کے ہاتھوں میں دکھائی دے رہے ہیں جب کہ شادی کی انگوٹھیاں بھی نمایاں ہیں۔ تصویر کے بعد مداحوں کی جانب سے مبارک بادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
یہ شادی جارجینا کی جانب سے اگست 2025 میں منگنی کا اعلان کرنے کے قریباً ایک سال بعد ہوئی۔ اس وقت جارجینا نے اپنی انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوش خبری دی تھی۔
رونالڈو اور جارجینا کی محبت کا آغاز 2016 میں ہوا جب جارجینا اٹلی کے معروف فیشن برانڈ گوچی کے اسٹور میں بطور سیلز اسسٹنٹ کام کرتی تھیں۔
دونوں پہلی بار 2017 میں زیورخ میں ہونے والی فیفا فٹ بال ایوارڈز تقریب میں ایک ساتھ نظر آئے، جس کے بعد ان کا تعلق دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
دونوں کے خاندان میں پانچ بچے شامل ہیں۔ ان میں جڑواں بچے ایوا ماریا اور میٹیو، بیٹی الانا، بیٹی بیلا اور رونالڈو کا بڑا بیٹا کرسٹیانو جونیئر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ رونالڈو اور جارجینا نے 2022 میں اپنی بیٹی بیلا کے جڑواں بھائی اینجل کی پیدائش کے دوران انتقال کی افسوس ناک خبر بھی شیئر کی تھی۔ دونوں نے اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔
فٹ بال کے میدان کے بعد اب رونالڈو کی ذاتی زندگی میں بھی ایک نیا سفر شروع ہوگیا ہے جسے دنیا بھر میں ان کے مداح خوشی سے دیکھ رہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔