تجارتی جہاز پر حوثیوں کا حملہ: 3 پاکستانی جاں بحق، نائب وزیراعظم کی شدید مذمت

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز پر حوثیوں کے حملے کی پُرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ تجارتی جہاز پر حوثیوں کے حملے میں 3 پاکستانی جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، ایسے حملے بے گناہ انسانی جانوں اور بحری سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا، واقعے کی مزید تفصیلات جاننے کے لیے متعلقہ سعودی حکام اور یمن حکومت سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کو میتوں کی وطن واپسی اور زخمی شہری کو ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے بھی اپنے بیان میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ باب المندب میں تجارتی جہاز پر حوثیوں کا حملہ افسوس ناک ہے، حملے سے بحیرۂ احمر میں تجارتی جہاز رانی کے لیے خطرات میں اضافہ ہوا ہے، حکومت پاکستان صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی پانیوں میں آزادانہ جہاز رانی کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان سعودی قیادت میں بحری سلامتی کے حوالے سے قائم اتحاد کا حصہ ہے اور بین الاقوامی پانیوں میں محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنانے کے لیے ذمے داریاں ادا کرنے کو تیار ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔